دُبئی(۔19جولائی2021ء ) دُبئی میں ایکسپائرڈ ویزہ ہولڈرز کے لیے ایک ایسی شاندار عمارت تیار کر لی گئی ہے جو جیل کم اور ہوٹل زیادہ معلوم ہوتی ہے۔ اس حراستی مرکز میں 12 سو سے زائد ایکسپائرڈ ویزہ ہولڈرز کو ٹھہرایا جائے گا۔ جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریزیڈنسی اینڈ فارنرز افیئرز (GDRFA)کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ رہائشی ویزوں کی خلاف ورزی کرنے والے تارکین کے لیے ایک شاندار سنٹر کھول دیا گیا ہے۔
الاویر کے علاقے میں قائم یہ سنٹر 16,731 مربع میٹر پر بنایا گیا ہے جو انٹرنیشنل سٹینڈرڈز کے مطابق ہے۔ یہ سنٹر بالکل کسی شاندار ہوٹل کی طرح ہے جہاں ان افراد کو رکھا جائے گا جن کا رہائشی ویزہ ایکسپائر ہونے کے بعد ان کا امارات میں قیام غیر قانونی ہو جاتا ہے۔
GDRFA کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل محمد المری نے بتایا کہ اس سٹیٹ آف دی آرٹ سنٹر میں غیر قانونی ویزہ ہولڈرز کوزیادہ سے زیادہ 14 روز کے لیے رکھا جائے گا تاہم کسی غیر معمولی حالات میں ان کا قیام زیادہ دن کے لیے بھی ہو سکے گا۔
ڈیلی گلف اُردو کے مطابق نئی بلڈنگ میں 1,288 افراد کے قیام کی گنجائش ہو گی۔
اب 735 مرد اور 553 خواتین یہاں قیام کر سکیں گی۔ اس وقت اس سنٹر میں گیارہ مرد اور گیارہ خواتین مقیم ہیں۔ ایکسپائرڈ ویزہ ہولڈرز کے لیے مخصوص اس رہائش گاہ میں سامان، ٹکٹس، کیش وغیرہ رکھوانے کے لیے 13 کاؤنٹرز پر خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔
جبکہ ایک کاؤنٹر ان افراد کے لیے مخصوص ہے جو dnata کی ٹریول سروسز حاصل کر سکتے ہیں جن میں DUBZ بھی شامل ہے جو ایکسپائرڈ ویزہ ہولڈرز کو یہاں سے سیدھا ایئرپورٹ لے جا کر ایگزٹ کروانے میں مدد دیتی ہے۔ DUBZ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر آف آپریشنز عادل وجیہ نے بتایا کہ ان کا ادارہ اس سنٹر میں ٹھہرائے گئے غیر ملکی کو سفری دستاویزات اور نیگیٹو پی سی آر رپورٹ موصول ہونے کے بعد امارات سے واپس جانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
اگر کوئی شخص یہاں مقیم کسی قیدی سے ملاقات کرنا چاہتا ہے تو اسے ایک موبائل ایپ پر درخواست کرنا ہو گی جسے فی الحال اپ گریڈ کیا جا رہا ہے ۔ اس درخواست میں اسے وقت اور تاریخ کا بتانا ہو گا۔ یہاں پر مہمانوں کے لیے بڑا ویٹنگ ہال بنایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ 16 کاؤنٹرز ہیں جہاں پر قیدیوں سے ٹیلی فون پر شیشے کے دوسری جانب موجود قیدی سے بات ہو سکتی ہے۔
No comments: